Time 12 فروری ، 2019
پاکستان

سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، 20 ارب ڈالر کے معاہدے متوقع


اسلام آباد: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔

ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کی تیاریاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ولی عہد کی سیکیورٹی کے لیے 123 شاہی محافظ پاکستان پہنچ گئے ہیں جو اسلام آباد کے 8 ہوٹلز کی نگرانی بھی کریں گے جب کہ وزیراعظم ہاؤس اور 8 نجی ہوٹلز کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 سے 17 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے، وزیراعظم ہاؤس میں سعودی شہزادے کیلئے جم تیار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ولی عہد کے ساتھ سعودی شہزادے اور شاہی خاندان کے اہم اراکین بھی ہوں گے، دورے کے دوران 300 سے زائد گاڑیاں شاہی خاندان کے زیر استعمال رہیں گی۔

ذرائع سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 20 ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے دونوں ممالک کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دورہ پاکستان کے بعد کوالالمپور روانہ ہوں گے۔ 

سعودی ولی عہد کے دورے سے قبل ان کی سیکیورٹی ٹیم کل پاکستان پہنچی تھی اور اس نے اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

مزید خبریں :