ماحول سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو ایک ماہ قبل آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ

پاکستان میں بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور علاقائی ہائی پرفارمنس سینٹرز میں مختلف ملکوں کی پچز بنانے کی تجویز ہے، ایم ڈی پی سی بی — فوٹو:فائل  

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان نے انکشاف کیا ہے کہ آسٹریلیا کے دورے سے قبل پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کو ایک ماہ پہلے آسٹریلیا بھیجا جائے گا تاکہ پاکستانی کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوسکیں۔

پاکستانی ٹیم اس سال اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ کھیلنے کے بعد آسٹریلیا جائے گی جہاں نومبر میں پاکستانی ٹیم کو برسبین اور ایڈیلیڈ میں دو ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنا ہوں گے۔

2020 میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی دوٹیسٹ کی سیریز کی میزبانی بھی پی سی بی کرے گا، یہ تینوں سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہیں۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے صف اول کے بیٹسمینوں کو ایک ماہ قبل آسٹریلیا بھیجے گا جہاں ایڈیلیڈ اور برسبین کی پچوں پر پاکستان کو پریکٹس کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پریکٹس کا فائدہ یہ ہوگا کہ جب ٹیسٹ سیریز شروع ہوگی ہمارے بلے باز ایڈجیسٹ ہوچکے ہوں گے۔ 

وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور علاقائی ہائی پرفارمنس سینٹرز میں مختلف ملکوں کی پچز بنانے کی تجویز ہے، اس وقت آئی سی سی اکیڈمی میں بھی مختلف ملکوں کی پچز بنائی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت بھی آسٹریلیا کی سیریز سے کئی ہفتوں پہلے اپنے بیٹسمینوں کو آسٹریلیا بھیجتا رہا ہے اور سچن ٹنڈولکر بھی سیریز کی پریکٹس کیلئے آسٹریلیا جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :