پاکستان
Time 18 فروری ، 2019

عمران خان کی عظیم قیادت میں پاکستان صحیح مقام پر پہنچے گا، سعودی ولی عہد


سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانہ ہو گئے۔

روانگی سے قبل نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک اعتبار سے اہم ملک ہے اور ہم پاکستان کے شاندار مستقبل پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ پاکستان دنیا کی 20 بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا، 2030 تک پاکستان دو بڑی معیشتوں کے ساتھ ہوگا، چین دنیا کی سب سے بڑی اور بھارت تیسری بڑی معیشت ہوں گے اور پاکستان کو ان دونوں کے پڑوسی ہونے کا فائدہ ہوگا۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ نئی شراکت داری کے خواہاں ہیں، ابھی جو کیا یہ شروعات ہے مستقبل میں شراکت مزید بڑھے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی عظیم قیادت میں پاکستان صحیح مقام پر پہنچے گا۔

شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں جو معاہدے ہوئے ہیں وہ صرف شروعات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات بہت آگے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کرنے پر پوری قوم کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی پر شہزادہ محمد بن سلمان کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید زیادہ تر لوگ مزدور تھے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان نے ان لوگوں کو نوکریاں نہیں دیں جس کی وجہ سے وہ لوگ سعودی عرب گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنا فون دیکھا تو مجھے لگا کہ آپ اتنے مشہور ہیں کہ اگر الیکشن لڑے تو مجھ سے زیادہ ووٹ لیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کا خود کو پاکستان کا سفیر کہنا اعزاز کی بات ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

مزید خبریں :