کھیل
Time 18 فروری ، 2019

کیا شہزادہ محمد بن سلمان واقعی مانچسٹر یونائیڈ کلب خرید رہے ہیں؟

مانچسٹر یونائیٹڈ کلب 2005 میں گلیزر خاندان نے خریدا تھا۔ فوٹو: فائل

سعودی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

برطانوی روزنامہ دی سن کی خبر کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے دنیا کے سب سے مہنگے فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی مالیت 4 ارب ڈالر ہے۔

سعودی وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں شہزادہ محمد بن سلمان کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو سرے سے غلط قرار دیا۔

سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھارٹی نے 2017 میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا معاہدہ کیا تھا جس کے بعد یہ توقعات بڑھ گئی تھیں کہ سعودی عرب انگلش کلب کو خریدنے میں دلچپسپی رکھتا ہے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ اس وقت گلیزر خاندان کی ملکیت ہے جو انہوں نے 2005 میں خریدا تھا اور کلب کے کچھ حصص 2012 میں نیو یارک اسٹاک ایکسچینج میں فروخت کے لیے پیش کیے تھے۔

ترکی الشبانہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ اور سعودی عرب کے سوورن ویلتھ فنڈ کے درمیان اسپانسرشپ کے حوالے سے بات چیت ضرور ہوئی تھی لیکن کوئی معاہدہ نہیں طے پایا تھا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے شہزادہ محمد بن سلمان کے فٹبال کلب خریدنے کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر تاحال کسی قسم کی وضاحت پیش نہیں کی گئی۔

مزید خبریں :