19 فروری ، 2019
اسلام آباد: پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے دھمکیوں اور غیر ضروری اقدامات کے بعد پاکستان نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر دیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوئٹرس کو فوری اقدام کے لیے خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت تحقیقات کے بغیر پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے، داخلی مقاصد کے تحت پاکستان دشمن بیانات سے بھارت خطے کا ماحول کشیدہ بنارہا ہے۔
وزیر خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی سنگین غلطی ہوگی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے مطابق حملہ آور کشمیری تھا لیکن پھر بھی الزام پاکستان پر دھر دیا گیا، کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی فوری مداخلت ضروری ہے اور یہ خط فوری طور پر سلامتی کونسل کے ارکان کو پہنچایا جائے۔
یاد رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر کار بم دھماکے میں 44 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد بھارت نے تحقیقات کیے بغیر حملے کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے پاکستان کو حاصل موسٹ فیور نیشن کا اسٹیٹس واپس لے لیا اور اندرون ملک پی ایس ایل میچ دکھانے پر بھی پابندی لگادی۔