دنیا
Time 21 فروری ، 2019

سام سنگ کا فولڈایبل گلیکسی اسمارٹ فون کی ریلیز کا اعلان

— سام سنگ گلیکسی فولڈ

سام سنگ نے اپنا انقلابی فولڈایبل اسمارٹ فون 'سام سنگ گلیکسی فولڈ' 26 اپریل سے فروخت کے لیے پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔

سام سنگ نے فولڈایبل فون کے بارے میں گزشتہ برس نومبر میں ایک ٹیزر جاری کیا تھا لیکن اب اس کو باقاعدہ سامنے لا کر لانچ کی تاریخ کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ گلیکسی فولڈ میں 4.6 انچ اور 7.3 انچ کی دو اسکرینیں نصب ہوں گی ۔ 4.6 انچ اسکرین فون موڈ کے لیے جب کہ بڑی 7.3 اسکرین ٹیبلٹ موڈ کے لیے ہو گی اور یہ فولڈ بھی کی جا سکے گی۔

اس کے علاوہ اس فون میں 4380 ایم اے ایچ کی دو الگ الگ بیٹریاں لگائی گئیں ہیں۔

سام سنگ گلیکسی فولڈ میں 12 جی بی ریم، 512 جی بی اسٹوریج میموری اور کولکام کا 7این ایم کا انتہائی طاقتور اوکٹاکور پروسیسر نصب ہو گا۔ 

اس فون کے ٹیبلٹ موڈ میں بیک وقت 3 ایپلی کیشنز چلائی جا سکتی ہیں یعنی آپ ایک ہی وقت میں یوٹیوب پر ویڈیو دیکھنے کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ پر چیٹ اور فیس بک یا براؤزر استعمال کر سکتے ہیں۔

سام سنگ نے اپنے گزشتہ روز کے ایونٹ میں اس فون کو عوام کے سامنے پیش کیا اور بیک وقت اس میں مختلف ایپس چلانے کا مظاہرہ بھی کرکے دکھایا۔

اس فون میں 6 کیمرے لگائے گئے ہیں جن میں 3 فون کی بیک سائیڈ یعنی پیچھے کی جانب، 2 فرنٹ(آگے) اور ایک اس کے اندر فولڈ ایبل اسکرین کےاوپر لگایا گیا ہے۔

سام سنگ اس اسمارٹ فون کو 4 مختلف رنگوں میں لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس کی امریکا میں قیمت 1980 ڈالرز سے شروع ہو گی اور یہ 26 اپریل سے فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سام سنگ فولڈ ایبل فون بنانے والی واحد کمپنی نہیں ہے۔ چینی کمپنی شاؤمی نے حال ہی میں فولڈ ایبل فون کے بارے میں ایک ٹیزر جاری کیا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ ہوواوے بھی فولڈ ایبل فون رواں سال لانچ کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہے۔

مزید خبریں :