24 فروری ، 2019
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نے جنگ کا آپشن استعمال کیا تو دونوں ملکوں کے درمیان قیامت کی جنگ ہوگی۔ ہم بھارت کو واہگہ بارڈر سے لے کر آسام کی سرحد تک نیست و نابود کردیں گے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ دو ایٹمی قوتیں جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتیں، اس مسلے کا حل مذاکرات کی میز پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے جنگ کی کوشش کی تو سارے ادھار ایک ساتھ اتار دیں گے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو یہ برصغیر کی آخری اور فیصلہ کن جنگ ہوگی۔
شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت کشمیر کا بچہ بچہ بھارتی فوج کے ظلم وستم کے خلاف لڑ رہا ہے۔ جس شخص نے پلوامہ میں حملہ کیا وہ بھارتی تھا اور بھارتی سرزمین اور بارود استعمال ہوا،پاکستان کو اس تنازع میں خواہ مخواہ شامل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عقل کے اندھے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے ساتھ اللہ کے علاوہ، چین، روس، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ہے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ اس بات کے امکانات ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان جاتے ہوئے پاکستان میں قیام کریں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکار الیکشن جیتنے کیلئے پاکستان کے خلاف زہر اگل رہی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے میچز پاکستان میں ہونے چاہئیں۔ نئے پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز بیرون ملک نہیں ہونے چاہیے، ہم اسٹیڈیمز کا بھاری کرایہ اپنی جیب سے ادا کررہےہیں۔
شیخ رشید احمد نے میڈیا میں جاری بحران کے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا اور گفتگو ختم کرکے روانہ ہوگئے۔