Time 26 فروری ، 2019
پاکستان

بالاکوٹ کے عینی شاہدین نےجھوٹے بھارتی دعوؤں کی قلعی کھول دی


بالاکوٹ کے عینی شاہدین نے علاقے میں ایک مبینہ تربیتی کیمپ پر بم گرانے کے بھارتی دعوے کو  مسترد کر دیا۔

جیو نیوز نے مذکورہ علاقے کی ویڈیو اور تصاویر حاصل کی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ ایک کھلی جگہ ہے جہاں کسی کی رہائش کے کوئی آثار نہیں ہیں اور وہاں ایک درخت اکھڑا پڑا ہے جب کہ کچھ گڑھے پڑے ہیں۔

اس طرح بھارت کایہ دعویٰ جھوٹا ثابت ہوتا ہے کہ حملے میں کسی مبینہ تربیتی کیمپ کو تباہ کیا گیا ہے اور وہاں بڑی تعداد میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں کیونکہ نہ اس جگہ کسی کی رہائش کے کوئی آثار ہیں نہ کوئی تباہی نظر آرہی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور طیارے آزاد جموں و کشمیر میں تین سے چار میل تک داخل ہوئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاک فضائیہ کے بروقت اور مؤثر جواب کے باعث بدحواس بھارتی طیارے اپنا 'پے لوڈ' بالاکوٹ کے قریب گرا کر فرار ہوگئے۔


بالاکوٹ کے ایک رہائشی مراد علی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتےہوئے بتایا کہ بھارت پروپیگنڈا کر رہا ہے،یہاں قریب کچھ کچے مکان ہیں جن میں سے ایک مکان میں دھماکے کی تھرتھراہٹ سے کچھ پتھر گرے جن سے نوران شاہ نام کا شخص معمولی زخمی ہوا ہے۔

عینی شاہد نے بتایا کہ جہاں پر حملہ ہوا ہے وہاں چار، پانچ چیڑکے درخت ٹوٹے ہیں لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس نے بتایا کہ یہ بالاکوٹ میں جابہ کے قریب کنگڑ گاؤں میں واقعہ پیش آیا ہے۔

ایک عینی شاہد نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات کو دھماکے کی آواز آئی جس سے کچھ مکانات کو جزوی نقصان پہنچا جب کہ ایک شخص زخمی بھی ہوا۔

مزید خبریں :