Time 28 فروری ، 2019
پاکستان

وزیراعظم عمران خان کا گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان

گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں اپنا نام ونگ کمانڈر ابھے نندن اور سروس نمبر 27981 بتایا— فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے گرفتار بھارتی ائیر فورس کے پائلٹ کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر کل رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک پائلٹ کو زندہ گرفتار کر لیا تھا۔

لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں اپنا نام ونگ کمانڈر ابھے نندن اور سروس نمبر 27981 بتایا۔

بھارتی جارحیت اور دراندازی کے بعد پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کہا کہ پاکستان کل گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن ہماری مذاکرات اور امن کی کوششوں کو بھارت کمزوری نہ سمجھے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ خطے میں امن اور استحکام ہو، کشیدگی نہ پاکستان کو فائدہ دے رہی ہے نہ بھارت کو، کشیدگی کے خاتمے کیلئے بھارتی وزیراعظم سے بات کرنے کی کوشش کی ہے۔

بھارتی پائلٹ کو جمعے کو واہگہ بارڈر سے بھارت کے حوالے کیا جائے گا۔ 

قبل ازیں جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہاکہ ’وزیراعظم عمران خان نے پہلے دن کہا تھا کہ امن کی جانب ایک قدم اٹھائیں ہم دو قدم بڑھائیں گے، ہم امن کے داعی تھے اور ہیں، بھارت دہشت گردی پر بات کرنا چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں‘۔

مزید خبریں :