02 مارچ ، 2019
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے پائلٹ ابھی نندن کی تاخیر سے حوالگی کے الزامات مسترد کردیے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی پائلٹ کی حوالگی میں تاخیر سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔
ذارئع نے بتایا کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو تاخیر سے بھارت کے حوالے نہیں کیا گیا بلکہ اس کے لیے رات 8 سے 9 بجے کا وقت ہی طے تھا۔
سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی حوالگی کے لیے 8 سے 9 بجے کا وقت بھارت کی درخواست پر طے کیا گیا تھا تاہم بھارتی میڈیا اس حوالے سے پروپیگنڈا مہم چلا کر جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے والے بھارتی مگ 21 بائسن طیارے کو مار گرایا تھا اور اس کے پائلٹ، ونگ کمانڈر ابھی نندن کو پاک فوج کے جوانوں نے مشتعل ہجوم سے بچاکر گرفتار کر لیا تھا۔
گزشتہ روز پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کردیا۔