دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں: ایئرچیف

ایئرچیف مجاہد انور خان کا فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ، ہوا بازوں، ائیر ڈیفنس، انجینئرنگ اور سیکیورٹی عملے سے ملاقاتیں کیں۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔

ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ اور ہوا بازوں، ائیر ڈیفنس، انجینئرنگ اور سیکیورٹی عملے سے ملاقاتیں کیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے حالیہ فضائی کامیابی پر عملے کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے اس نے پاک فضائیہ کو اپنی قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی صلاحیت دی، مادرِ وطن کی سالمیت کے فریضے کو احسن طریقے سے انجام دینے پر پوری قوم کو پاک فضائیہ پر فخر ہے۔

یاد رہے کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ ہفتے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔

اس کارروائی کے دوران بھارتی طیارہ تباہ کرنے والے پاک فضائیہ کے بہادر پائلٹ حسن صدیقی کو جہاں سوشل میڈیا پر خراج تحسین پیش کیا گیا وہیں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ان کا نام لے کر تعریف کی گئی۔

مزید خبریں :