Time 06 مارچ ، 2019
پاکستان

بھارتی پائلٹ کو پاکستان کے مفاد میں رہا کیا: وزیرخارجہ

کشمیر کے معاملے پر او آئی سی میں سخت الفاظ میں قرار داد پاس کی گئی، وزیرخارجہ — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم نے بھارتی پائلٹ کو پاکستان کے مفاد میں رہا کیا۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ قوم کے اکٹھے کھڑے ہونے کا وقت ہے، یقینی طور پر حسن صدیقی قومی ہیرو ہیں، ونگ کمانڈر نعمان علی خان کو بھی نہ بھولیں جنہوں نے دوسرا جہاز گرایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی پائلٹ کو پاکستان کے مفاد میں رہا کیا، ہمارا پیغام واضح تھا جسے دنیا بھر میں سراہا گیا اور سب نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ او آئی سی میں نہ جانا پارلیمنٹ کا مشترکہ فیصلہ تھا جس پر میں نے سر تسلیم خم کیا، اس دوران متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے رابطے میں تھا، کشمیر کے معاملے پر او آئی سی میں سخت الفاظ میں قرار داد پاس کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کو نوبیل امن انعام کا حقدار قرار دینے کی مخالفت پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جس طرح اپوزیشن نشستوں پر بیٹھے افراد اپنے لیڈرز سے عقیدت رکھتے ہیں، اسی طرح بہت سے لوگ عمران سے عقیدت رکھتے ہيں، اگر کسی نے کہہ دیا کہ انہیں نوبیل انعام مل جائے تو کوئی گناہ کی بات نہیں بلکہ بڑائی اس میں ہے کہ عمران خان نے خود کہہ دیا کہ وہ نوبیل انعام کے حقدار نہیں، نوبیل انعام تو اسے ملنا چاہیے جو مسئلہ کشمیر حل کرے۔

شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پی پی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے کا سوال بلاول اپنے نئے اتحادی سے پوچھیں، پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں تب ڈالا گیا جب آپ کے نئے اتحادی کی حکومت تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ معیشت کی خرابی پر بلاول کا سوال بالکل ٹھیک ہے لیکن کیا یہ خرابی چھ ماہ میں ہوئی؟ یہ پچھلے 40 سال کی بیماریاں ہیں جس کا ہم مقابلہ کر رہے ہيں۔

مزید خبریں :