08 مارچ ، 2019
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو بزدل قرار دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے تھر کے علاقے چھاچھرو میں صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب بلاول بھٹو زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلاول نے بار بار طنز کیا عمران خان یوٹرن لیتا ہے، بلاول اگر جدوجہد کرتے تو انہیں پتا چلتا لیڈر اپنے مقصد پر پہنچنے کے لیے جدوجہد میں یوٹرن کرتا ہے یہ لیڈرشپ کا خاص کمال ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی تنقید پر ردعمل میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ وزیر اعظم اس لہجے و حوصلے سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور کالعدم تنظیموں سے متعلق بات کریں جیسے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں میری تقریر پر جواب دینا چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں میرے سامنے دیں، بزدل ہمیشہ پیٹھ پیچھے بات کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرادی نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس کا جواب وزیراعظم عمران خان نے آج تھر میں ہونے والی تقریب میں دیا۔