Time 22 مارچ ، 2019
پاکستان

کراچی میں مولانا تقی عثمانی قاتلانہ حملے میں محفوظ، 2 گارڈ جاں بحق

— فائرنگ کا نشانہ بننے والی گاڑی— فوٹو جیو نیوز

کراچی کی نیپا چورنگی پر ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے جب کہ ان کے دو گارڈ جاں بحق ہو گئے۔ 

ابتدائی طور پر اطلاعات تھیں کہ مختلف مقامات پر فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے ہیں لیکن ایس ایس پی گلشن اقبال طاہر نورانی نے تصدیق کی ہے کہ ایک ہی مقام نیپا چورنگی پر دو گاڑیوں ٹویوٹا کرولا کار ATF-908 اور ہنڈا سوک BKE-748 پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی۔

واقعے کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کی مفتی تقی عثمانی سے ملاقات کی تصویر

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والی کالے رنگ کی سوک کار میں مولانا تقی عثمانی خود سوار تھے مگر واقعے میں محفوظ رہے۔

ایس ایس پی طاہر نورانی کے مطابق کالے رنگ کی ہنڈا سوک کار کا ڈرائیور فائرنگ کے بعد فوراً ہی گاڑی کو لیاقت نیشنل اسپتال لے گیا۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ کرولا کار میں سوار ایک پرائیوٹ گارڈ صنوبر خان جاں بحق جب کہ اس کے ساتھ موجود عامر شہاب شدید زخمی ہوئے۔

فائرنگ کا نشانہ بننے والی دوسری گاڑی جو مولانا تقی عثمانی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

جناح اسپتال کی ایمرجنسی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ جناح اسپتال میں نیپا چورنگی واقعے کے دو افراد کو لایا گیا جن میں سے عامر شہاب شدید زخمی ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہیں جب کہ ان کا گارڈ صنوبر خان جاں بحق ہو گیا ہے

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں کالے رنگ کی گاڑی میں موجود مولانا تقی عثمانی کا گارڈ محمد فاروق جاں بحق ہوا۔

واقعہ فرقہ واریت کی سازش نہیں: ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ

ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے کہا ہے کہ یہ واقعہ فرقہ واریت کی سازش نہیں لگتی بلکہ پاکستان اور کراچی کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں صنوبر خان اور محمد فاروق جاں بحق ہوئے جب کہ ایک گاڑی کا ڈرائیور عامر شہاب زخمی ہے۔ 

مفتی تقی عثمانی جیسی قابل قدر ہستی پر حملہ سازش ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے مفتی تقی عثمانی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے اور حملے میں مفتی تقی عثمانی کے سیکیورٹی گارڈ کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا۔ 

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مفتی تقی عثمانی جیسی قابل قدر ہستی پر حملہ سازش ہے اور اس سازش کو بے نقاب کرنے کیلئے ہر ممکنہ کوشش برؤے کار لائی جائے۔

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑا جائے، سابق صدر آصف زرداری 

سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی کراچی میں فائرنگ کے واقعات پر ردعمل میں کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد سے کراچی کے دشمن جل گئے ہیں اور شہر  کا امن خراب کرنے والوں کو سختی سے کچل دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے مفتی تقی عثمانی محفوظ رہے لیکن دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑا جائے اور کراچی کا امن خراب کرنے کی سازش کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

مزید خبریں :