کھیل
Time 24 مارچ ، 2019

آسٹریلیا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی


شارجہ: دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔

پاکستان کا 285 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 48 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ 

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا۔

اوپنر امام الحق پہلے اوور کی پانچویں گیند پر رچرڈسن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے جس کے بعد شان مسعود اور حارث سہیل نے 35 رنز کی شراکت قائم کی تو شان بھی 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تیسری وکٹ پر 52 رنز کی شراکت کے بعد حارث سہیل بھی 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ عمر اکمل بھی 16 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ 

محمد رضوان نے 115 رنز کی اننگز کھیلی — فوٹو: پی سی بی 

محمد رضوان اور شعیب ملک کی شاندار بیٹنگ کے بدولت قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بناسکی۔ محمد رضوان 115، شعیب ملک 60  اور حارث سہیل 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے رچرڈسن، کولٹر نیل نے 2،2 جب کہ لیون، زمپا اور فنچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے 285 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے کیا اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 209 رنز بنائے تاہم عثمان خواجہ 88 رنز بناکر یاسر شاہ کا شکار ہوئے، میکسویل بھی 19 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

ایرون فنچ اور عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے 48 ویں اوور  میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا۔ کینگروز کو 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں 0-2 کی سبقت حاصل ہے۔

ایرون فنچ 133 رنز بناکر ناقابل شکست رہے اور یہ ان کی سیریز میں مسلسل دوسری سنچری ہے جب کہ عثمان خواجہ 88 رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم میں محمد عامر کی جگہ محمد حسنین کو شامل کیا گیا لیکن وہ اپنے کیرئیر کے پہلے میچ میں کوئی وکٹ نہ حاصل کرسکے۔

آسٹریلیا نے سیریز کے پہلے میچ میں بھی گرین شرٹس کو  8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :