01 اپریل ، 2019
بھارت سے حالیہ کشیدگی میں پاکستانی ایف 16 طیاروں کے استعمال کے بھارتی الزام پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 27 فروری کا واقعہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار کارروائی پاکستانی فضائی حدود سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دو بھارتی طیاروں نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی تو پاک فضائیہ نے انہیں نشانہ بنایا جس کے بعد بھارتی طیاروں کو ایف 16 نے نشانہ بنایا یا جے ایف 17 نے، یہ سوال بے معنی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے دونوں بھارتی طیاروں کو اپنے دفاع میں مار گرایا، جب بھارتی طیارے آئے تو پاکستان کے ایف 16 سمیت تمام طیارے فضا میں تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اپنی خواہش کے مطابق ایف 16 چن لے، نتیجے پر فرق نہیں پڑتا، اگر ایف 16 استعمال ہوا تب بھی دو بھارتی طیارے ہی نشانہ بنے اور پاکستان دفاع میں اپنی مرضی کے مطابق ہرصلاحیت کے استعمال کا حق رکھتا ہے۔
یاد رہے کہ 27 فروری کو پاکستانی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے پر 2 بھارتی طیارے مارے گرائے تھے اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا جسے بعد ازاں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا تھا۔