02 اپریل ، 2019
لاہور: چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریزا نے منشیات اسمگلنگ کیس میں سزا کے خلاف سیشن عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلینج کردیا۔
لاہور کی سیشن عدالت نے چیک ریپبلک کی ماڈل ٹریزا کو منشیات اسمگلنگ کیس میں 8 سال، 8 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف ماڈل نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
ماڈل نے مؤقف اختیار کیا کہ 'سیشن عدالت نے حقائق کے برعکس منشیات کیس میں سزا کا فیصلہ سنایا، وہ اسلامک اسٹڈیز کے لیے پاکستان آئی تھی'۔
ماڈل ٹریزا نے درخواست میں استدعا کی کہ سزا کالعدم قرار دےکر رہائی کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے چیک ریپبلک سفارتخانے کی ڈپٹی سیکرٹری کی موجودگی میں 20 مارچ کو منشیات اسمگلنک کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ماڈل کو سزا سنائی تھی۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ پراسیکیوشن نے ٹریزا کی ہیروئن اسمگل کرنا ثابت کردیا تاہم ماڈل ٹریزا اپنی بے گناہی ثابت نہیں کرسکیں، عدالت نے اپنے فیصلے میں ملزمہ کو حق دیا تھا کہ وہ ہائیکورٹ میں فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ غیر ملکی خاتون کو 10 جنوری 2018 کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن اسمگل کرنے پر گرفتار کیا تھا، غیر ملکی ماڈل کے ساتھ مزید 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا جس میں سے تین اشتہاری ہیں اور شعیب نامی ملزم کو عدم ثبوت پر بری کیا گیا تھا۔