05 اپریل ، 2019
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپوزیشن لیڈر اور پارٹی صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر نیب کے چھاپے کو اوچھا ہتھکنڈا قرار دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وارنٹ کے بغیر کسی کے گھر میں گھسنا کونسا قانون ہے، اگر تحقیقات کرنی ہے تو کوئی قانونی کارروائی کریں نیب ڈاکے نا مارے، کیا شہباز شریف اور حمزہ شہباز دہشت گرد ہیں؟
انہوں نے کہا کہ نیب اتنی بے بسی کا شکار ہے کہ موجودہ حکومت اسے استعمال کر رہی ہے، الزامات وہی ہیں جو گزشتہ دو برسوں سے لگائے جارہے ہیں لیکن ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب کو شکست ہورہی ہے کیونکہ ان کے پاس ایک روپے کی کرپشن ثابت کرنے کا ثبوت نہیں اور جب کچھ ثابت نہیں ہوتا تو آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔
ترجمان (ن) لیگ نے نیب کو نالائق اور نیب قانون کو کالا قانون قرار دیا۔
واضح رہے کہ آج نیب کی 7 سے 8 رکنی ٹیم نے شہباز شریف کی رہائش گاہ 96 ایچ ماڈل ٹاؤن پر چھاپہ مارا اور اس وقت شہباز شریف اور حمزہ شہباز بھی گھر میں موجود تھے۔