10 اپریل ، 2019
کراچی سے دھابیجی جانے والی 'دھابیجی ایکسپریس' افتتاح کے چند ماہ بعد ہی بند کردی گئی۔
صدر مملکت عارف علوی نے 31 اکتوبر 2018 کو دھابیجی ایکسپریس کا افتتاح کیا تھا جس کے حوالے سے ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مالی خسارے کے باعث دھابیجی ایکسپریس کو بند کردیا گیا ہے۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق کرایہ اور مسافر دونوں کم تھے جس کے باعث دھابیجی ایکسپریس کو بند کرنا پڑا۔
کراچی کے ملازمت پیشہ افراد اور دیگر عام عوام دھابیجی ایکسپریس سے مستفید ہوتے تھے جس کی بندش کے بعد کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ دھابیجی ایکسپریس اس سے قبل 2007 میں معطل کی گئی تھی اور وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک مرتبہ پھر اس کی بحالی کا اعلان کیا تھا تاہم وہ زیادہ عرصہ نہ چل سکی۔