دنیا
Time 11 اپریل ، 2019

سوڈان میں فوج نے حکومت کا تختہ الٹ دیا

معزول صدر عمر حسن البشیر کے تقریباً تین دہائی پر محیط اقتدار کا خاتمہ ہوگیا۔ فوٹو: فائل 

خرطوم: سوڈان کی فوج نے صدر عمر حسن البشیر کو معزول کرکے ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

گزشتہ 6 روز سے صدر عمر حسن البشیر کے خلاف احتجاجاً ہزاروں افراد آرمی ہیڈ کوارٹر کے باہر جمع تھے جہاں صدر کی رہائش گاہ اور وزارت دفاع کا دفتر بھی ہے۔

سوڈان کے وزیر دفاع اور فوجی سربراہ جنرل عوض بن عوف نے قوم سے ٹی وی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج طویل عرصے سے ملکی اداروں میں جاری بدعنوانیوں، بےضابطگیوں، بدتر اقتصادی حالت کا جائزہ لے رہی تھی۔

جنرل عوض بن عوف کے مطابق فوج کو امید تھی حکومت وقت اپنی روش تبدیل کرکے ملک کو تباہی کی جانب جانے بچائے، تاہم صدر البشیر نے عوامی احتجاج پر کان نہ دھرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مظاہرین کا قتل عام شروع کردیا تھا۔

جنرل عوف نے مزید کہا کہ جنرل عمر حسن البشیر کو معزول کردیا گیا اور انھیں ساتھیوں کے ساتھ حراست میں لے کر محفوظ مقام میں منتقل کردیا۔ 

فوجی اقدام کے بعد سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر کے تقریباً تین دہائی پر محیط اقتدار کا خاتمہ ہوگیا۔

یاد رہے کہ 1956 میں سوڈان کی آزادی کے بعد سے اب تک عمر حسن البشیر کو طویل ترین عرصے تک صدارت کے عہدے پر فائز رہنے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے یہ منصب 16 اکتوبر 1993 کو سنبھالا تھا۔

مزید خبریں :