13 اپریل ، 2019
بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن فلم میں پاکستانی کا کردار نبھانے سے انکار کرنے پر اداکارہ مہوش حیات کی تنقید کا نشانہ بن گئے ۔
امیتابھ بچن کو دو برس قبل آسکر ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر ریسل پوکیتس نے پاک بھارت امن پر مبنی ایک فلم کی پیشکش کی تھی جس میں بگ بی کو پاکستانی ہونے کا کردار نبھانا تھا۔
امیتابھ بچن نے فلم کے اسکرپٹ کو قابل ستائش قرار دیا اور ڈائریکٹر ریسل کی پیشکش کو سراہتے ہوئے خوشی خوشی قبول کی تھی تاہم رواں برس فروری میں پلوامہ واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے باعث امیتابھ نے فلم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اب ملک مخالف کردار نبھانے سے انکار کردیا ہے چاہے وہ امن کے لیے ہی کیوں نہ ہو۔
ایسے میں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں امیتابھ بچن پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’اگر یہ سچ ہے تو انتہائی مایوس کن ہے، فلموں میں طاقت ہوتی ہے کہ وہ تعلق پیدا کرسکے خاص طور پر جب کشیدگی بڑھ گئی ہو، میرے خیال سے آخر میں قوم پرستی ہے سب سے بالاترہے‘۔
مہوش حیات نے مزید لکھا کہ ’میں امید کرتی ہوں کے ہم اس پر غور کرسکتے ہیں اس سے پہلے کے ہم بالی ووڈ کے مستقبل میں بہہ جائیں‘۔
یاد رہے کہ 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں حملے کے بعد بھارت نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کردی تھی۔
اس دوران بالی وڈ کے متعدد اداکاروں نے سوشل میڈیا پر امن کے بجائے جنگ کو بڑھاوا دیا تھا جب کہ پاکستانی فنکاروں کی جانب سے مسلسل امن کا پیغام پھیلایا گیا اور پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کو ترجیح دی تھی۔