Time 12 اپریل ، 2019
پاکستان

پشاور میٹرو میں ایک اور خامی سامنے آگئی، انڈر پاس میں گیس پائپ لائن موجود

— فوٹو: اسکرین گریب 

پشاور: ہشت نگری کے قریب بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے انڈر پاس میں گیس پائپ لائن موجود ہے جس کے باعث وہاں سے گزرنے والے افراد کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ کی انسپیکشن ٹیم نے پشاور میٹرو میں کئی خامیوں اور نقص کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد ایک خاتون بھی آزمائشی سروس کے دوران میٹرو بس کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔ 

 بی آر ٹی منصوبے میں ایک اور خامی سامنے آئی ہے اور پشاور میں ہشت نگری کے مقام پر عوام کے گزرنے کے لیے بنائے گئے انڈر پاس میں گیس کی دو پائپ لائن موجود ہیں۔

پشاور میٹرو میں ہشت نگری کے مقام پر پیدل سڑک پار کرنے والوں کے لیے انڈر پاس تو بن گیا لیکن گیس پائپ لائن منتقل نہیں کی گئی جس کے باعث گزرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور زمین سے ساڑھے 6 فٹ اوپر یہ لائنز کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔

سوئی گیس حکام کے مطابق منصوبے کے ڈیزائن میں تبدیلی کے باعث گیس لائن کی منتقلی رہ گئی اور پائپ کی منتقلی کے لیے پی ڈی اے سے 3 لاکھ روپے مانگے ہیں،  رقم ملتے ہی گیس پائپ لائن دوسری جگہ منتقل کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ صوبائی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کے مطابق بی آر ٹی منصوبہ مناسب منصوبہ بندی کے بغیر شروع کیا گیا، ڈیزائن میں تبدیلی کے باعث منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوا اور عوام کے پیسے کو بی آر ٹی پر ضائع کیا گیا۔

صوبائی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کے مطابق ناقص منصوبہ بندی اور ڈیزائن پروجیکٹ کے کام میں غفلت برتی گئی اور فیزیبیلیٹی اسٹڈی میں خامیوں کے باعث منصوبے میں تبدیلیاں کی گئیں۔

مزید خبریں :