13 اپریل ، 2019
وفاقی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیانات کا نوٹس لے لیا۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فواد چوہدری کے علیم خان کے مقدمے سے متعلق بیان کا نوٹس لیا گیا ہے، فواد چوہدری کے نیب سے متعلق ماضی اور حالیہ بیانات کا جائزہ لینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق جائزہ لیا جائے گا کہ وزیر اطلاعات کے بیانات نیب کے معاملات میں مداخلت کی کوشش تو نہیں، وفاقی وزیر کے بیانات انکوائریز اور تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں۔
نیب کے مطابق وزیر اطلاعات کے بیانات مروجہ قوانین کی خلاف ورزی ہوئے تو کارروائی کر سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ یا فرد سے نہیں ہے، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔
نیب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نیب لوٹی گئی رقوم کی واپسی کے لیے کام کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔
نیب کے بیان پر فواد چوہدری کا ردعمل
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سارا دن حلقے میں مصروف رہا جس کی وجہ سے یہ شاہکار نظر سے اوجھل رہا۔
انہوں نے کہا کہ اس رویے سے اندازہ ہوتا ہے کہ نیب صلاحیت کے کس قدر سنجیدہ بحران کا شکار ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیب کو یہ بھی معلوم نہیں کہ ضمانت دینا ان کا اختیار نہیں، ضمانت دینا ان کا اختیار نہیں تو مداخلت کیسے ہوئی؟
وفاقی وزیر نے ایک بار پھر نیب کو آڑتے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ پچیدہ مقدمے کہاں سے حل کریں گے، فضول بیانات کی بجائے کام پر توجہ دیں۔