16 اپریل ، 2019
اسلام آباد: حکمران جماعت تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دوبارہ دائر کردی۔
گزشتہ دنوں حکمران جماعت نے جسٹس قاضی فائز عیسی پر مس کنڈکٹ کے الزامات لگا کر نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی جو رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کرکے واپس کردی تھی۔
اب تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں دوبارہ دائر کی جانے والی نظرثانی درخواست میں جسٹس قاضی فائز عیسی کے خلاف مس کنڈیکٹ کے الزامات کو حذف کیا ہے۔
درخواست کے مطابق فیصلے میں تحریک انصاف کے دھرنے کے خلاف آبزرویشنز دی گئیں، تحریک انصاف کو مؤقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا لہٰذا اعلیٰ عدالت سے استدعا کی جاتی ہے کہ تحریک انصاف کے خلاف آبزرویشنز کو حذف کیا جائے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی دھرنا فیصلے کے خلاف نظرثانی پر اعتراضات ختم کرکے درخواست دوبارہ جمع کرادی ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا از خود نوٹس کیس میں مذہبی منافرت کا فتویٰ جاری کرنے پرانسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا تھا۔
جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 43 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا تھا۔