ایسا پرفیوم جس کی خواہش ہر کوئی کرے

صرف خوشبو ہی نہیں بلکہ بوتل خود بھی بے انتہا مہنگی ہے۔ اس پر ہیرے موتی بھی جڑے ہوئے ہیں۔ فوٹو کریڈٹ : پارپر بازار عریبیہ ڈاٹ کام

خوشبو اپنے لیے خریدنا، خرید کر کسی کو تحفے میں دینا کسے پسند نہیں لیکن جب خوشبو اچھی لیکن اس کی قیمت کروڑوں میں ہو تو پھر ہر کوئی اسے خود تو استعمال کرنے کی خواہش کرے گا لیکن کبھی دوسروں کو بطور تحفہ دینے کا نہیں سوچے گا۔

ایک خوشبو ایسی جسے سونگھنا تو شاید سب پسند کریں گے لیکن اس کی قیمت  ایک عام انسان سن کر ہی دل تھامنے پر مجبور ہو جائے۔

تو آپ بھی دل تھام کر سنیے کہ خوشبوئیات کی  مشہور کمپنی 'اسپرٹ آف دبئی' نے دنیا کا مہنگا ترین پرفیوم 'شمکھ' تیار کیا ہے جس کی قیمت پاکستانی روپوں میں 18 کروڑ روپے سے بھی زائد بنتی ہے۔

لفظ 'شمکھ' عربی زبان سے لیا گیا ہے جس کے معنی سب سے زیادہ 'اونچے' یا 'شاندار کا مستحق' کے ہیں۔

اس کی بوتل پر کسی بھی دوسرے مہنگے ترین پرفیوم کے مقابلے میں زیادہ ہیرے جڑے ہیں جبکہ اس کا اسپرے ریموٹ کنٹرول سے کیا جا سکتا ہے۔

پرفیوم کی بوتل کے ڈیزائن میں دبئی سے جڑے 7 عناصر شامل کیے گئے ہیں جن میں باز، دنیا کا عظیم موتی درا (پرل ڈائیونگ)، عربی گھوڑے، نرجسی گلاب، حیبہ (لگژری)، دیوان یعنی ( عربوں کی مہمان نوازی) اور آمل یعنی دبئی بطور مستقبل کا شہر شامل ہیں۔

پرفیوم کی بوتل دبئی مال کے فیشن ایونیو میں 30 مارچ تک رکھی گئی تھی تاکہ خواہشمند لوگ اسے دیکھنے پرکھنے کے بعد آرڈر کر سکیں لیکن آرڈر دینے کے 4 سے 6 ماہ بعد ہی اس پرفیوم کی ڈیلیوری مل سکتی تھی۔

اس کی تیاری میں 3 سال کا عرصہ لگا اور اس پرفیوم کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اسے مرد اور خواتین دونوں استعمال کر سکتے ہیں۔

پرفیوم کی تیاری میں تمام قدرتی اجزاء استعمال کیے گئے ہیں جن میں صندل، مشک، ترکش گلاب، پودینے کا پودا، یلانگ یلانگ (ایک درخت جس کے خوشبودار پھولوں سے عطر کشید کیا جاتا ہے) اور خالص بھارتی عود شامل ہیں۔ اس کی خوشبو تقریبا 12 گھنٹے تک قائم رہتی ہےاور خالص اجزاء کے باعث ہر ایک کی جد پر اس کی اپنی ہی مہک ہوتی ہے۔

اس پرفیوم کی منفرد بوتل ایک دو نہیں بلکہ 3 ہزار 571 جگمگاتے ہیروں سے جڑی ہے، صرف یہی نہیں اس میں پکھراج، موتی، 18 قیراط سونا اور خالص چاندی بھی موجود ہے۔