پاکستان
Time 22 اپریل ، 2019

غلط انجکشن لگنے سے دماغی طور پر مفلوج ہونے والی بچی نشویٰ انتقال کر گئی


کراچی: غلط انجکشن لگنے سے دماغی طور پر مفلوج ہونے والی کمسن بچی نشویٰ انتقال کرگئی۔

کراچی کے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں زیر علاج کمسن بچی نشویٰ چل بسی جب کہ اسپتال کے ترجمان نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچی کا دماغ 71 فیصد مفلوج ہو چکا تھا۔ 

9 ماہ کی نشویٰ کو 6 اپریل کو گلستان جوہر کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں غلط انجکشن لگنے سے وہ دماغی طور پر مفلوج ہوگئی تھی۔

غلط انجکشن کا معاملہ سامنے آنے کے بعد بچی کو 13 اپریل کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب نشویٰ کو غلط انجکشن لگانے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہے اور اس سلسلے میں اسپتال کے ایڈمن اور نرسنگ انچارج سے پولیس حراست میں تفتیش کی جارہی ہے جب کہ اسپتال مالک عامر چشتی کو بھی تفتیشی افسران نے ایک اور نوٹس بھیج دیا۔

اندراج مقدمہ کے دوران نشویٰ کے والد کو دھمکیاں دینے پر ایس پی طاہر نورانی پہلے ہی اپنے عہدے سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نشویٰ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، اس سے قبل انہوں نے اسپتال جا کر نشویٰ کی عیادت بھی کی تھی۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ نشویٰ کے بیرون ملک علاج کے لیے پلان بنایا تھا، دعا ہے اللہ پاک بچی کے والدین کو صبر عطا فرمائے، نشویٰ کے والدین کے ساتھ انصاف ہوگا۔

مزید خبریں :