پاکستان
Time 23 اپریل ، 2019

پشاور میں پولیو ویکسین سے بچوں کی طبیعت خرابی کا ڈرامہ کرانے والا ملزم گرفتار

ماشوخیل میں شرپسندوں نے 100 سے زائد بچوں کی حالت غیرہونے کا ڈرامہ کرتے ہوئے مرکز صحت کو آگ لگا دی تھی۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

پشاور کے علاقے ماشو خیل میں پولیو مہم کے خلاف سازش بے نقاب ہوگئی اور پولیس نے بچوں سے بے ہوشی کا ڈرامہ کرانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ 

گزشتہ روز پشاور کے علاقے ماشوخیل میں اہل علاقہ نے مرکز صحت پر حملہ کرتے ہوئے وہاں جلاؤ گھیراؤ کیا اور اسے آگ لگا دی تھی جس کے بارے میں ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ 100 سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی جس کے بعد ان کی حالت غیر ہوگئی۔

بچوں کے بیہوش ہونے کی جعلی ویڈیو بنائے جانے کا منظر خوش قسمتی سے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا، ایک ویڈیو میں پولیو ویکسین پینے والے بچوں سے ایک شخص پشتو میں یہ کہتے سنا گیا، کہ تم کو غلط قطرے پلائے گئے ہیں مگر بچے اس پر ہنستے ہوئے دکھائی دیے۔

ضلعی انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دارالقلم ماڈل اسکول ماشو خیل، حال مارک اسکول حسن گڑھی اور قدیم پرائمری اسکول میرہ کچوڑی میں پولیو کے قطرے پینے کے دوران بچوں میں ری ایکشن کی اطلاعات ملیں اور 767 بچے مختلف اسپتالوں میں لائے گئے تاہم ان کی حالت ٹھیک پائی گئی۔

پولیس نے تھانہ بڈھ بیر میں 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جب کہ مرکزی ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کردیے۔

مزید خبریں :