Time 24 اپریل ، 2019
پاکستان

نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی مبینہ کرپشن کیخلاف تحقیقات شروع کر دیں


وفاقی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مبینہ کرپشن کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نیب میں نامعلوم افراد کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف کرپشن کی دو درخواستیں دائر کرائی گئیں۔

ذرائع کے مطابق نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف کرپشن کی درخواستوں کے متن کی تصدیق کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پر سرکاری ہیلی کاپٹر کی انشورنس 3 کی بجائے 7 کروڑ میں کرانے کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے ہیلی کاپٹر کی انشورنس کی رقم سپلیمینٹری گرانٹ سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ عثمان بزدار پر لاہور کے ایک نجی ہوٹل کو شراب کا پرمٹ لے کر دینے کا بھی الزام ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی انشورنس قانون کے مطابق سرکاری ادارے نیشنل انشورنس کمپنی سےکرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں میں بھی ہیلی کاپٹر کی انشورنس اسی کمپنی سے کروائی جاتی رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق انشورنس کی رقم میں اضافےکی وجہ انشورنس کے دورانیے میں اضافہ ہے کیونکہ اس بار ایک سال کی بجائے تقریباً پونے 2 سال کی انشورنس کرائی گئی ہے۔

مزید خبریں :