28 اپریل ، 2019
جنسی ہراسانی کے الزامات اور سوشل میڈیا پر تبصروں کے بعد راک اسٹار علی ظفر جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور روپڑے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی طفر کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں پتا کہ میشا شفیع نے ان پر الزام کیوں لگایا؟
انہوں نے کہا کہ میشا شفیع نے مجھ پر کیس کیا لیکن فیصلہ میرے حق میں دیا گیا، میرے خلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم شروع کی گئی۔
اس دوران علی ظفر پروگرام میں بات کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ سے لے کر دیگر بڑی کمپنیوں کو جو مجھے کام دیتے ہیں، انہیں ٹیگ کیا جاتا ہے تاکہ میرا کیرئیر ختم ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سنا ہے میشا شفیع کینیڈا کی امیگریشن لینا چاہتی ہیں لیکن مجھے نہیں پتا کہ میشا نے یہ سب کچھ کیوں کیا، وہ میرے گھر پر آتی رہی ہیں اور پارٹیوں میں بھی ملاقات کرتی رہی ہیں، اگر میشا کے ساتھ ہراسگی ہوئی تو اس نے میری اہلیہ یا گھر والوں کو شکایت کیوں نہ کی؟
علی ظفر کے مطابق جس مقام پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگایا گیا وہاں دو عورتیں اور بھی موجود تھیں، میشا نے اس مقام سے جانے کے بعد مجھے پیغام بھیجا جس کو میں نے عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں بے قصور تھا، بے قصور ہوں، عدالت میشا کا الزام مسترد کرچکی ہے اور مقدمہ میں نے میشا پر کیا ہوا ہے، اپنے حق کے لیے جو مناسب لگا وہ کروں گا، لوگ میرے ساتھ تصویریں کھنچواتے ہیں اور کئی مرتبہ تو مجھے ہراساں کیا گیا ہے۔
گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کو مصالحت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ 'میشا میں جانتا ہوں کہ تم کس کیفیت سے گزر رہی ہو، ہم دونوں ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور یہ جو ہورہا ہے وہ معاشرے کے لیے اچھا نہیں ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ میشا آپ ایک قدم آگے بڑھاؤ میں دس قدم بڑھانے کے لیے تیار ہوں، اس معاملے کو ختم کرو، مجھے ہتک عزت کیس کے پیسے نہیں چاہیے، اگر ہتک عزت کیس کے پیسے ملے تو وہ عورتوں کی فلاح کے لیے خرچ کروں گا۔
دوسری جانب علی ظفر کی اہلیہ عائشہ فضلی بھی شوہر کی دفاع میں میدان میں آگئیں۔
عائشہ فضلی کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ علی ظفر کے خلاف مجرمانہ اور بے رحم مہم کے نتیجے میں انہوں نے، ان کے شوہر اور خاندان نے جن تکلیف دہ تجربات کا سامنا کیا، اس کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، بھلے علی ظفر یہ سب فراموش کردیں لیکن وہ کبھی کسی کو معاف نہیں کریں گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز میشاشفیع کی وکیل نگہت داد نے علی ظفر کے تمام الزامات اور دعوؤں کو مسترد کردیا تھا، جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میشا کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے اب تک میشا شفیع کو بلایا ہی نہیں تو وہ عدالت کیوں جاتیں؟