برازیل میں منشیات اسمگلر کو پولیس چھاپے سے خبردار کرنے والا طوطا گرفتار

— فوٹو: بشکریہ فوکس نیوز

ریو ڈی جنیرو: برازیلین پولیس نے منشیات فروش مالک کو چھاپے سے خبردار کرنے والے طوطے کو گرفتار کرلیا۔ 

برازیلین پولیس کا ایک منشیات فروش کی گرفتاری کیلئے مارا جانے والا چھاپا اس وقت ناکام ہوتے ہوتے بچا جب منشیات فروش کا طوطا پولیس کو دیکھتے ہی اپنے مالک کو خبردار کرتے ہوئے پرتگالی زبان میں 'ماما پولیس' چلا اٹھا۔ 

طوطے کے خبردار کرنے کے باوجود منشیات فروش بروقت فرار نہ ہوسکا جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔

منشیات اسمگل کرنے والے برازیلین شہری کے معاون طوطے کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق طوطے کی اس کام کیلئے باقاعدہ تربیت کی گئی تھی کیوں کہ جیسے ہی پولیس مکان کے قریب پہنچی تو طوطے نے چلانا شروع کردیا۔

برازیلی ٹی وی چینل نے چھاپے کے بعد کے مناظر بھی جاری کیے ہیں جس میں دیکھا گیا کہ گرفتاری کے بعد طوطا تابعدارانہ انداز میں اس گھر کی ایک میز پر موجود  ہے جسے بعد میں ایک اہلکار ہاتھ پر بٹھا کر تھانے لے جاتا ہے۔

 گرفتاری کے بعد پولیس اہلکاروں نے اس طوطے سے گفتگو کرنے کی کوشش بھی کی لیکن اس نے خاموشی ہی اختیار کیے رکھی۔

طوطے کی گرفتاری کی خبریں سامنے آنے کے بعد جانوروں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کی جانب سے اس کی رہائی کے مطالبے بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

سماجی کارکن جیکلین لسٹوسانے کے مطابق پرندے کو آزاد کرانے کیلئے کئی مرتبہ پولیس اسٹیشن گئیں لیکن پولیس نے اسے رہا نہیں کیا۔

مزید خبریں :