Time 29 اپریل ، 2019
کھیل

شعیب ملک کو 10 یوم کی رخصت، پہلا ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے نہیں کھیلیں گے

شعیب ملک ذاتی وجوہات کی بناء پر گھر واپس جانا چاہتے تھے لہٰذا انہیں 10 یوم کی چھٹی دی ہے تاکہ وہ جو بھی مسائل ہیں انہیں خوش اسلوبی سے حل کرسکیں، پی سی بی— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک نے ذاتی وجوہات کی بناء پر دورہ انگلینڈ سے 10 یوم کی رخصت حاصل کرلی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے آل راؤنڈر شعیب ملک کو دورہ انگلینڈ سے 10 یوم کی چھٹی دی ہے۔

پی سی بی کے مطابق شعیب ملک ذاتی وجوہات کی بناء پر گھر واپس جانا چاہتے تھے لہٰذا انتظامیہ نے انہیں 10 یوم کی چھٹی دی ہے تاکہ وہ گھر جاکر اپنے جو بھی مسائل ہیں انہیں خوش اسلوبی سے حل کرسکیں۔

پی سی بی نے کہا کہ شعیب ملک کی نجی زندگی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بورڈ ان مسائل کو سامنے نہیں لائے گا اور توقع کرتا ہے کہ دیگر لوگ بھی شعیب ملک کی پرائیویسی کا خیال رکھیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے جہاں اس نے پہلا پریکٹس میچ کینٹ اور دوسرا نارتھمپٹن شائر کیخلاف کھیلا اور دونوں میں کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا تیسرا ٹور میچ یکم مئی کو لیسٹر شائر کیخلاف کھیلے گی جس کے بعد انگلینڈ کیخلاف واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 5 مئی کو کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز 8 سے 19 مئی کے درمیان کھیلے جائیں گے۔

شعیب ملک اب انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی اور 8 مئی کو ہونے والے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے البتہ ممکن ہے کہ وہ 11 مئی کو ہونے والے دوسرے ون ڈے سے قبل ٹیم جوائن کرلیں۔

یاد رہے کہ دورہ انگلینڈ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ ہی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی جس میں ٹیم کی قیادت سرفراز کریں گے جبکہ شعیب ملک بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

مزید خبریں :