06 مئی ، 2019
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ٹیکس امور کے ماہر شبر زیدی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا چیئرمین تعینات کردیا۔
اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے شبر زیدی کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کیے جانے کی تصدیق کی۔
شبر زیدی ٹیکسیشن کے ماہر اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور وہ 2013 کے انتخابات سے قبل بننے والی سندھ کی عبوری حکومت میں وزیر بھی رہے ہیں۔
سید شبر زیدی کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں جن میں پانامہ لیکس – بلیسنگ ان ڈسگائس- آشور ایسٹس آف پاکستانی سٹیزنز اور پاکستان ناٹ اے فیلڈ اسٹیٹ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپنی معاشی ٹیم میں مزید تبدیلی کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے گورنر طارق باجوہ سے استعفیٰ لیا تھا جب کہ چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان کو بھی عہدے سے ہٹایا گیا۔
حکومت نے مصر میں آئی ایم ایف کے عہدیدار رضا باقر کو آئندہ تین سال کے لیے اسٹیٹ بینک کا گورنر مقرر کیا ہے۔