پاکستان

آصف زرداری کی تمام نیب کیسز میں عبوری ضمانت میں توسیع

نیب نے کل ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے، درخواست میں مؤقف۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی تمام کیسز میں عبوری ضمانت میں توسیع دے دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے آصف زرداری کی ضمانتوں کی 7 مختلف درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت 5 ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کر رہی تھی تاہم آج آصف زرداری کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی مزید دو درخواستیں دائر کی گئیں۔

سابق صدر کی جانب سے دائر درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے کل ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے، اس لیے نیب کو گرفتاری سے روکا جائے اور ضمانت منظور کی جائے۔

سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ نئے نئے طلبی کے نوٹسز آرہے ہیں جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے 'یہ تو لگتا ہے طلبیوں اور ضمانتوں کا سیلاب آرہا ہے'۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پارک لین کیس کا مقدمہ تیار ہوچکا ہے جب کہ آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوچکے ہیں۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد آصف زرداری کی آج دائر کی گئی دو درخواستیں 5،5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کردیا اور تمام 7 کیسز میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 29 اپریل کو آصف زرداری کی درخواست پر ان کے خلاف نیب میں زیر تفتیش تمام کیسز کی تفصیلات طلب کی تھیں جس پر نیب کی جانب سے 14 مئی کو ایک رپورٹ پیش کی گئی۔

نیب نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکاؤنٹس کی انکوائریز کی ہیں اور مجموعی طور پر 26 انکوائریز اور انویسٹی گیشنز جاری ہیں جن میں 5 انکوائریز اور 3 انویسٹی گیشنز میں آصف زرداری کا کردار سامنے آیا ہے۔

مزید خبریں :