15 مئی ، 2019
مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی لوگوں کو جنوبی پنجاب کے نام پر بیوقوف بنانا بند کریں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 51 میں ترمیم سے جنوبی پنجاب صوبہ وجود میں آئے گا جو ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی ڈویژن پر مشتمل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ میں بہت سا طبقہ ایسا ہے جو جنوبی پنجاب کے حق میں سوچ رکھتا ہے لیکن کچھ لوگ اپنے ماضی کے بل میں پھنسے ہوئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبوں کے قیام کا بل قومی اسمبلی میں جمع کرا چکی ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ بل کی مخالفت پاکستان تحریک انصاف کے وزیر اور پارلیمانی سیکریٹری نے کی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور عوام سے جو وعدہ کیا، وہ صرف ن لیگ کو نبھانا آتا ہے، اسمبلی کے ریکارڈ پر موجود ہے کس نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی ترجمانی کی۔
احسن اقبال نے کہا کہ شاہ صاحب اسمبلی کے ریکارڈ کو جھٹلانے کی کوشش نہ کریں، مسلم لیگ ن کا بل پہلے ہی اسٹینڈنگ کمیٹی میں موجود ہے، آپ حکومتی نمائندوں سے کہیں کہ بل پر فوری طور پر پیشرفت شروع کریں۔