نئے پاکستان میں اسٹاک مارکیٹ میں روزانہ انڈکس کا قتل عام ہو رہا ہے: مریم نواز

نواز شریف کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کو عوامی جذبات کی ترجمانی کرنی ہے: مریم نواز۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسی کو نئے پاکستان کے بارے میں غلط فہمی نہ رہے، اسٹاک مارکیٹ میں روزانہ انڈکس کا قتل عام ہو رہا ہے۔

ڈالر کی قیمت میں اضافے اور اسٹاک مارکیٹ میں مندی پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سوشل میڈیا پر ایک بار پھر وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف عوام کے رہنما ہیں، وہ اپنی صحت کی نازک صورت حال سے زیادہ عام آدمی کے مسائل سے پریشان ہیں، نواز شریف پاکستان کی گرتی معیشت کے بارے میں بہت فکر مند ہیں۔

انہوں نے کہا نواز شریف کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کو عوامی جذبات کی ترجمانی کرنی ہے، ن لیگ کو عوام کے ساتھ کھڑے ہونا اور ان کی آواز بننا ہے۔

ایشیا کی بدترین اسٹاک مارکیٹ اور کرنسی ریٹ کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں روپیہ اور اسٹاک مارکیٹ دونوں مستحکم تھے، نواز شریف کی قیادت میں اسٹاک مارکیٹ دنیا کی مستحکم ترین مارکیٹ تھی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ کسی کو نئے پاکستان کے بارے میں غلط فہمی نہ رہے، اسٹاک مارکیٹ میں روزانہ انڈکس کا قتل عام ہو رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ جعلی حکومت نے 9 ماہ میں عوامی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، خطر ناک حد تک بےروزگاری میں اضافہ ہوا، عوام کو مہنگائی نے بری طرح کچل دیا ہے، گیس، بجلی، ہر چیز میں قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہر چیز میں ویرانی ہے۔


مزید خبریں :