روپے کی بے قدری جاری، ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈالر 150 روپے سے تجاوز کرگیا


کراچی: روپے کی مسلسل بے قدری اور ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے اور آج ایک مرتبہ پھر انٹر، اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہوگیا۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید4 روپے مہنگا ہونے کے بعد 151روپے کا ہوگیا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 35 پیسے مہنگا ہونے کے بعد ایک ڈالر 147 روپے 87 پیسے کا ہو گیا۔

دوسری طرف پاکستان اسٹاک ایکسچنج کے 100 اینڈیکس میں آج 804 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور پی ایس ایکس 100 انڈیکس 33 ہزار 166 پوائنٹ کی سطح پر آگیا ہے۔

انٹر بینک میں کاروبار کے دوران ڈالر 1 روپے 35 پیسے مہنگا ہو کر 147.87 روپے کا ہوگیا جب کہ انٹر بینک میں ڈالر کی خریداری قیمت 147 روپے ہوگئی۔

گزشتہ روز  کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر مجموعی طور پر 5.13 روپے اضافے کے بعد 146.52 پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کے دوران منفی رجحان دیکھا گیا جہاں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی 100 انڈیکس میں 804 پوائنٹس کی کمی رہی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو 33 ہزار 166 پر بند کردیا گیا۔

واضح رہےکہ حکومت اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدے سے قبل ڈالر کی قدر 141 سے 142 روپے کے درمیان تھی اور آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ڈالر کی قدر میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :