19 مئی ، 2019
لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈ کی جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری پکڑ لی۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی محمد عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے لاہور کے مضافاتی علاقے 'باوا دی کٹیا' گاؤں میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری کو بند کرتے ہوئے مضر صحت ڈرنکس پکڑ لیں۔
آپریشن کے دوران 20 ہزار سے زائد لیبلز اور ڈھکن سمیت 50 کلو مصنوعی فلیورز اور کیمیکلز برآمد کیے گئے جو کینسر، السر اور انتڑیوں کی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔
ڈی جی فوڈز کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقے میں جعلی یونٹ لگایا گیا تھا جہاں گندے پانی، کیمیکلز، مصنوئی فلیورز اور رنگ سے جعلی مشروب بنایا جارہا تھا۔
ڈی جی فوڈز حکام نے بتایا کہ معروف برانڈ کے مشروب کی بڑی کھیپ عید کے لیے بنائی جا رہی تھی، کارروائی کرتے ہوئے 5 ہزار سے زائد جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس کی بوتلوں کو تلف کیا گیا جب کہ گیس سلنڈر، فلنگ مشین، کمپریسر اور موٹر بھی ضبط کرلی گئی ہے۔
ڈی جی فوڈز محمد عثمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اور جعلی کولڈ ڈرنکس کا کاروبار جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ میں 3 لاکھ کے قریب جعلی کولا ڈرنکس پکڑی گئی ہیں، پنجاب صرف معیاری خوراک کا کاروبار کرنے والوں کا صوبہ ہے اور یہاں صحت دشمنوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔