19 مئی ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو دیئے گئے افطار ڈنر کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا زرداری ہاؤس میں ہونے والی اپوزیشن کی افطار پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج وہاں سارے جمہوریت بچانے کے نام پر جمع ہوئے ہیں، بدقسمتی سے ان ہی لوگوں کی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھا۔
انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے دو پارٹی سسٹم کی وجہ سے اقتدار میں نہیں آسکتا، تاریخ کے سب سے بڑے قرضے اور سب سے مشکل حالات میں پاکستان ہمیں ملا لیکن ثابت کرکے دکھاؤں گا، خطے میں سب سے اوپر پاکستان جائے گا۔
قبل ازیں خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے، پرانے نظام سے فائدہ اٹھانے والا سیاسی مافیا نئے نظام کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم 10 سال میں تباہ کی گئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، ماضی کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آج ملک کی یہ حالت ہوئی ہے، یہ سارے چور اکٹھے ہونا چاہتے ہیں لیکن عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بلاول اور مریم نواز کے افطار ڈنر میں ملنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے، کرپٹ ٹولہ اب اکھٹا ہو رہا ہے تاہم عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے لیے افطار ڈنر رکھا گیا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
افطار ڈنر میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی شریک ہوئے۔
کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو بہترین قرار دیا اور کہا کہ عنقریب برآمدات میں بہتری، ترسیلات زر میں اضافہ اور معیشت بہتر ہو جائے گی۔
انہوں نے اشیاء خور ونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ وہ اسی قوم سے ملک کو چلانے کے لیے پیسہ اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔