20 مئی ، 2019
کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب میں مالی بحران شدت اختیار کرگیا۔
قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں مالی بحران کے باعث دوائیں اور طبی آلات نایاب ہوگئے اور فنڈز نہ ملنے سے انتظامی امور بری طرح متاثر ہوئے ہیں جب کہ عدم ادائیگیوں پر ٹھیکیداروں نے دوائیں اور طبی آلات دینے سے معذرت کرلی ہے۔
این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر نے مالی بحران سے وزیراعلیٰ سندھ کو تحریری طور پر آگاہ کردیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ مرکزی اسپتال اور 8 سیٹلائیٹ سینٹرز پر دوائیں اور طبی آلات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، فنڈز نہ ملنے سے مریضوں کی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے خط میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا ہےکہ لیاری، نواب شاہ، مٹھی اور خیرپور سینٹرز کے قیام سے اب تک حکومت نے فنڈز نہیں دیے۔