ورلڈکپ اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے پر جنید خان کا انوکھا احتجاج

جنید خان نے اپنی ٹوئٹ میں منہ پر ٹیپ لگی تصویر لگاتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ ’میں کچھ نہیں کہنا چاہتا سچ کڑوا ہوتا ہے‘ — فوٹو: سوشل میڈیا 

لندن: ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی ٹیم سے ڈراپ ہونے والے فاسٹ بولر جنید خان نے منہ پر ٹیپ چپکا کر انوکھا احتجاج کیا ہے۔

فاسٹ بولر جنید خان نے خاموش احتجاج کرتے ہوئے انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی سے احتجاج کیا ہے۔

جنید خان نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے اپنے منہ پر ٹیپ لگایا ہوا ہے اور تحریر کیا ہے کہ ’میں کچھ نہیں کہنا چاہتا سچ کڑوا ہوتا ہے‘۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بارے میں تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے لیکن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جنید پر کارروائی کا امکان ہے۔

بعد ازاں جنید خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے 3 گھنٹے قبل جاری کی گئی احتجاج کی تصویر اور پیغام کو ہٹادیا ہے۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے پہلے اعلان کردہ اسکواڈ میں جنید خان شامل تھے تاہم دورہ انگلینڈ میں ناقص کارکردگی کے باعث سلیکٹرز نے جنید خان کو ڈراپ کردیا  ہے اور وہاب ریاض کو ٹیم میں سپرائز جگہ دی ہے۔

یاد رہے کہ جنید خان کو انگلینڈ کے خلاف 5 ایک روزہ میچز کی سیریز میں 2 میچ کھلائے گئے تھے جس میں انہوں نے 18 اوورز میں 142 رنز کے عوض صرف 2 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

مزید خبریں :