22 مئی ، 2019
اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) نے معاشی استحکام کیلئے کیے گئے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مسلح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس حکام اور وفاقی وزراء شریک ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی صورتحال اور ملک کی اندرونی، بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے خطے میں حالیہ واقعات کے بعد جیو اسٹریٹجک ماحول اور ملک کی حالیہ اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے معاشی استحکام کیلئے اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور خطے میں امن کی کوششیں جاری رکھنے کا بھی عزم کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے الگ سیشن میں گلگت و بلتستان اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا، اجلاس میں اٹارنی جنرل انور منصور، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان عبد الحفیظ، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اور نیشنل سیکیورٹی ڈویژن سیکریٹریز نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان سے متعلق فیصلے کرتے وقت وہاں کے عوام کی رائے کو اہمیت دی جائے۔
نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علیحدہ ملاقات بھی کی جس میں ملک کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔