دنیا
Time 22 مئی ، 2019

بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان کل ہوگا، مودی کی جیت کا امکان

لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے اعلان کے موقع پر بھارتی وزارت داخلہ نے سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے — فوٹو: فائل 

نئی دہلی: سات مراحل میں ہونے والے بھارتی لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا اعلان کل کیا جائے گا۔

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوئے اور 7 مرحلوں میں 19 مئی کو مکمل ہوئے جس کے بعد کل ہی ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور نتائج کا اعلان بھی کل کیا جائے گا۔ 

لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے اعلان کے موقع پر بھارتی وزارت داخلہ نے سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابی نتائج کے دوران ممکنہ ہنگامہ آرائی پر ریاستی حکام کو ہدایات جاری کردی گئیں، ووٹوں کی گنتی والے مراکز کی سیکیورٹی بھی سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بھارتی انتخابات کا آخری مرحلہ ختم ہونے کے بعد ایگزٹ پولز جاری کیے گئے ہیں اور زیادہ تر ایگزٹ پولز نے نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادیوں کی جیت کی پیشگوئی کی ہے۔ 

دوسری جانب بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کے ایگزٹ پول نتائج مسترد کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ کارکن ایگزٹ پول کے جھوٹے نتائج کے پروپیگنڈے سے مایوس نہ ہوں، اپنی محنت پر یقین رکھیں، محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔

مزید خبریں :