ورلڈکپ وارم اپ: افغانستان سے شکست پر فواد چوہدری کی قومی ٹیم پر تنقید

فواد چوہدری نے کہا کہ ' مجھے تو مکی آرتھر کی فکرہے، ابھی باب وولمر کا غم نہیں بھولے— فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر تنقید کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ' مجھے تو مکی آرتھر کی فکرہے، ابھی باب وولمر کا غم نہیں بھولے'۔

خیال رہے کہ انگلینڈ میں کرکٹ کا عالمی میلہ سجنے میں چند روز رہ گئے ہیں اور اس سے قبل وارم اپ میچز کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے حیران کن شکست دی تھی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز بھی 0-4 سے ہاری تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ باب وولمر کا شمار کرکٹ کے کامیاب ترین کوچز میں کیا جاتا تھا۔

2007 ء کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا شمار فیورٹس میں تھا لیکن 17مارچ کو آئرلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست سے تمام خواب بکھر گئے اور پاکستان ٹیم پہلے راؤنڈ سے بھی آگے نہ جاپائی۔

آئرلینڈ سے پاکستان کی شکست کے چند گھنٹوں بعد ہی ہیڈ کوچ باب وولمر کی موت کی خبر سامنے آگئی ،ان کی موت پر شکوک و شہبات ظاہر کئے گئے، جمیکا پولیس نے کئی ماہ تک وولمر کی موت کا سبب جاننے کیلئے تحقیقات کیں اوربالآخر موت کو فطری قرار دے دیا گیا۔

بعض لوگوں نے وولمر کی موت کو پاکستان کی آئرلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے بھی جوڑنے کی کوشش کی تاہم ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جو اس رائے کو تقویت بخشتے۔

اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے مکی آرتھر ہیں۔

مزید خبریں :