بکنگھم پیلس کے سامنے سڑک پر کرکٹ ورلڈکپ کی منفرد افتتاحی تقریب

کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز آج سے انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ سے ہوگا۔

میگا ایونٹ شروع ہونے سے قبل گزشتہ روز شاہی محل بکنگھم پیلس کے سامنے ورلڈ کپ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہوئی۔

افتتاحی تقریب میں ایونٹ میں شرکت کرنے والے تمام 10 ممالک کی نامور شخصیات نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔

نوبیل امن انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ دونوں نے سکسٹی سیکنڈز چیلنج کرکٹ میں بھی حصہ لیا۔

ورلڈ کپ کرکٹ کی رنگا رنگ لیکن منفرد افتتاحی تقریب بکنگھم پیلس کے باہر سڑک پر ہوئی جس میں 4 ہزار کے لگ بھگ شائقین شریک ہوئے۔

فوٹو بشکریہ کرکٹ ورلڈ کپ آفیشل ٹوئٹر

تقریب کے میزبان معروف فنکار اور سابق انگلش آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف نے خوب رنگ جمایا، ابتداء میں تمام 10 ٹیموں کے کپتانوں کی آمد ہوئی۔

تقریب میں عوام کے ساتھ ایونٹ میں شریک 10 ممالک کی معروف شخصیات نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی اور 60 سکینڈز چیلنج کرکٹ میں حصہ لیا۔

پاکستان کی نمائندگی امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسف زئی اور ٹیسٹ کرکٹر اظہرعلی نے کی، کرکٹ میں دونوں نے 38 رنز اسکور کیے۔

60 سیکنڈز چیلنج کی فاتح انگلنڈ کی ٹیم رہی جس نے 74رنز اسکور کیے۔ تقریب میں ورلڈ کپ 2015 کے فاتح کپتان آسٹریلیا کے مائیکل کلارک ٹرافی کے ہمراہ پہنچے، جیسے اسٹیج پر نمائش کیلئے رکھا گیا جبکہ تقریب کا اختتام بھی موسیقی کی جھنکار میں ہوا۔

مجھے بچپن سے کرکٹ کا شوق تھا، ملالہ یوسفزئی
فوٹو: سوشل میڈیا

افتتاحی تقریب میں نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بھی خطاب کیا۔شاہی محل کے باہر پاکستانیوں کی بڑی تعداد اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے بھی موجود تھی۔

ملالہ نے کہا کہ مجھے بچپن سے کرکٹ کا شوق تھا۔ملالہ نے سبز رنگ کی شرٹ پہن کر پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

بالی ووڈ اداکار فرحان اختر اور ملالہ یوسفزئی — فوٹو: رائٹرز

چاچا کرکٹ بھی افتتاحی تقریب میں توجہ کا مرکز رہے۔عالمی نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے کرکٹ 60 سیکنڈز چیلنج میچ میں اظہر علی کے ہمرا پاکستان کی نمائندگی کی۔

افتتاحی تقریب کو 'اوپننگ پارٹی' کا نام دیا گیا تھا جس کے باقاعدہ آغاز سے قبل ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمین سر ویوین رچرڈز نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کو ہرانا آسان نہیں ہے۔

ورلڈ کپ کی مضبوط امیدوار ٹیموں کا نام لیتے ہوئے رچرڈز نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے علاوہ میزبان انگلینڈ بھی بڑی ٹیم ہے جو ٹورنامنٹ جیتنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

افتتاحی تقریب میں ورلڈ کپ کو رقص و موسیقی کا تڑکا لگایا گیا۔ لندن مال میں شاندار افتتاحی تقریب سجائی گئی تھی جس میں نامور کرکٹرز کی موجودگی میں انٹرٹینمنٹ سے شائقین کرکٹ لطف اندوز ہوئے۔

انگلش کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ ہم ایونٹ کیلئے بہت پرجوش ہیں۔ بھارتی کپتان  ویرات کوہلی نے کہا کہ ہمارےانگلینڈمیں بے شمار فینز ہیں، جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

فوٹو بشکریہ کرکٹ ورلڈ کپ آفیشل ٹوئٹر

جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے کپتان نے بھی جیت کی امیدوں کا اظہار کیا۔ورلڈ کپ کی سرپرائز تقریب کی ٹکٹیں پہلے ہی فروخت ہوچکی تھیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے 4 ہزار شائقین کو ایونٹ میں شریک کا پروانہ جاری کیا گیا تھا۔

یہ ٹکٹ کسی دوسرے کو فروخت نہیں کیے جاسکتے تھے بلکہ جس کے نام پر جاری ہوئے وہی خوش نصیبوں میں شامل تھا۔ایک گھنٹے پر محیط تقریب کو پوری دنیا میں برطانیہ کے معیاری وقت کے مطابق 5 بجے شام سے براہ راست نشر کیا گیا اور دو سو ملکوں میں کروڑوں ناظرین نے اسے براہ راست دیکھا۔

ورلڈ کپ کے مینجنگ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہا کہ اوپننگ پارٹی نے ہر اس پہلو کا احاطہ کیا جو اس ٹورنامنٹ کو خاص بناتا ہے، اس میں شریک ہونے والے خوش قسمت شائقین اور ٹی وی ناظرین لطف اندوز ہوئے۔

60 سیکنڈز چیلنج میں انگلینڈ کامیاب

فوٹو: سوشل میڈیا

افتتاحی تقریب میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور ملالہ یوسف زئی نے 60 سیکنڈز میں 38 رنز بنائے جبکہ ویسٹ انڈیز نے سر ویوین رچرڈز کی قیادت میں 47 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے انیل کمبلے اور بولی ووڈ اسٹار فرحان اختر نے نمائندگی کی اور 19 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے مہیلا جے وردھنے اور بنگلہ دیش کی نمائندگی عبدالرزاق کے ہمرا خاتون اداکارہ نے کی۔

آسٹریلیا نے بریٹ لی کی قیادت میں 69 رنز بنائے، جیمز فرینکلن نے نیوزی لینڈ کے لیے 32 رنز بنائے، جیک کیلس نے جنوبی افریقا کیلئے 48 رنز بنائے اور انگلینڈ نے کیون پیٹرسن کی قیادت میں 74 رنز بنائے۔

انگلینڈ نے 60 سیکنڈز چیلنج میچ میں آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

مزید خبریں :