کھیل
Time 01 جون ، 2019

گیل نے ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ قائم کردیا

فائل فوٹو: کرس گیل

ناٹنگھم: ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل نے ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ قائم کردیا۔

ورلڈکپ 2019 کا دوسرا مقابلہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹینٹ برج میں ہوا جس میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس میچ میں ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر 50 رنز بناکر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

کرس گیل ورلڈکپ کی تاریخ میں 40 چھکے مارکر سب سے آگے ہیں جو جنوبی افریقا کے ریٹائرڈ بلے باز اے بی ڈویلیئرز سے تین چھکے زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ 31 چھکے مارنے والے کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے سابق بلے باز برینڈن میکلم 29 چھکوں کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقا کے سابق بلے باز ہرشل گبز 28 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

بھارت کے سابق لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر اور سابق سری لنکن بلے باز سنتھ جے سوریا 28،28 چھکوں کے ساتھ چھٹے نمبر ہیں جب کہ سابق بھارتی بلے باز سارو گنگولی 25 چھکوں کے ساتھ آٹھویں، آسٹریلیا کے سابق بلے باز میتھیو ہیڈن 23 چھکوں کے ساتھ نویں جب اور ویسٹ انڈیز کے ویون رِچرڈ 22 چھکوں کے ساتھ دسویں نمبر پر ہیں۔

مزید خبریں :