ہر آدمی کو ٹیکس سسٹم میں لائے بغیر کوئی چارہ نہیں: چیئرمین ایف بی آر

ایمنسٹی کا مقصد ٹیکس وصولیاں بڑھانا نہیں ہے، شبر زیدی — فوٹو: فائل 

کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اعزازی چیئرمین شبرزیدی کا کہنا ہے کہ ہر آدمی کو ٹیکس سسٹم میں لائے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں شبر زیدی کا کہنا تھا کہ نئے ٹیکس گزاروں کو سسٹم میں لانا پڑے گا، آئندہ بجٹ میں سیلز ٹیکس کا ریٹ نہیں بڑھانا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکس دہندگان پر ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈال سکتے اور نہ ہی شارٹ کٹ کے ذریعے ٹیکس ٹارگٹ پورا کرسکتے ہیں، ہر آدمی کو ٹیکس سسٹم میں لائے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا سیکشن 122-5 اے بجٹ کے فوراً بعد ختم کردیا جائے گا، اس فیصلے سے ٹیکس دہندگان کو غیر ضروری نوٹسز بھیجنے کا سلسلہ ختم ہوگا، ٹیکس دہندگان کا غیر ضروری آڈٹ بھی اسی اختیار کے تحت ہوتا ہے۔

اعزازی چیئرمین کے مطابق ہر شعبے کا تجزیہ نگار ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں تعینات ہوگا، یہ تجزیہ نگار ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو نوٹسز بھجوائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی کا مقصد ٹیکس وصولیاں بڑھانا نہیں ہے، بے نامی جائیدادیں اور اکاؤنٹ رکھنے والے اثاثہ جات اسکیم سے فائدہ اٹھائیں، اثاثہ جات اسکیم کے نتائج بجٹ کے بعد آنا شروع ہوں گے۔

مزید خبریں :