Time 03 جون ، 2019
کھیل

ورلڈکپ: پاکستان نے مشکل حریف انگلینڈ کو ہراکر مسلسل 11 شکستوں کا جمود توڑ دیا


ناٹنگھم: ورلڈکپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے مشکل حریف انگلینڈ کو شکست دے کر مسلسل 11 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں شکستوں کا جمود توڑ دیا۔

پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دیا تاہم انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 334 رنز بناسکی اور پاکستان یہ میچ 14 رنز سے جیت گیا۔

محمد حفیظ کو 84 رنز بنانے اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

محمد حفیظ کو 84 رنز بنانے اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کی اننگز

ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخر زمان نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 82 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان 21 ویں اوور میں ہوا جب معین علی کی گیند پر کرس ووکس نے امام الحق کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا، انہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کو تیسرا نقصان 199 کے مجموعے پر ہوا جب بابر اعظم معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 63 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

بابر اعظم معین علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 63 رنز کی اچھی اننگز کھیلی— فوٹو: پی سی بی

محمد حفیظ نے بھی 62 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آصف علی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

کپتان سرفراز احمد نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، انہیں کرس ووکس نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز اسکور کئے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے تین، مارک ووڈ اور کرس ووکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی اننگز

انگلینڈ کی جانب سے جوئے روٹ اور جوز بٹلر نے سنچریاں اسکور کی جو ٹیم کے کام نہ آسکی — فوٹو: کرکٹ ورلڈ کپ آفیشل ٹوئٹر

جواب میں انگلینڈ کی ٹیم شروع میں مشکلات میں دکھائی دی۔ جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صرف 12 کے مجوعی اسکور پر شاداب خان نے جیسن رائے کو آؤٹ کرکے پاکستان کو اہم وکٹ دلادی۔

انگلینڈ کی دوسری وکٹ 60 کے مجوعی اسکور پر گری جب جونی بیئراسٹو 32 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بن گئے۔

ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد انگلش بیٹسمین محتاط ہوگئے۔ تاہم پاکستانی بولرز نے حملے جاری رکھے۔ 86 کے مجوعی اسکور پر کپتان اوئن مورگن کو محمد حفیظ نے ٹھکانے لگادیا، وہ صرف 9 رنز بناسکے۔

وہاب ریاض نے 3 اور محمد عامر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: پی سی بی

اس کے بعد بین اسٹوکس 13 رنز بناکر شعیب ملک کا شکار بن گئے۔ پانچویں وکٹ پر جوئے روٹ اور جوز بٹلر نے انتہائی شاندار اننگز کھیلی اور 130 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ اس موقع پر میچ پاکستان سے دور جاتا ہوا دکھائی دیا تاہم 248 کے مجموعی اسکور پر جوئے روٹ 107 رنز بناکر شاداب کا شکار بن گئے۔

288 کے مجوعی اسکور پر انگلینڈ کے آخری اہم بیٹسمین جوز بٹلر بھی 103 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اہم وکٹ محمد عامر نے اہم موقع پر حاصل کی اور پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔

انگلینڈ کے تابوت میں آخری دو کیلیں وہاب ریاض نے ٹھونکیں، انہوں نے 320 کے مجوعی اسکور پر یکے بعد دیگرے معین علی اور کرس ووکس کو پویلین کی راہ دکھا کر گرین شرٹس کی فتح یقینی بنادی۔

اس کے بعد محمد عامر نے جوفرا آرچر کو آؤٹ کیا جو صرف ایک رن بناسکے۔

یوں انگلینڈ مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز تک محدود رہا اور اسے 14 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ پاکستان ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ سے 5 ون ڈے میچز کی سیریز 0-4 سے ہار چکا ہے اور اس میچ میں انگلینڈ کو نفسیاتی برتری حاصل تھی، ساتھ ہی پاکستان پر مسلسل 11 ون ڈے میچز میں شکستوں کا جمود توڑنے کیلئے بھی خاصا دباؤ تھا۔

انگلینڈ کو ورلڈ کپ کی فیورٹ ٹیم کہا جارہا ہے اور پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف اہم فتح سے گرین شرٹس کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کا فائدہ ایونٹ کے اگلے میچز میں دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

ایونٹ میں اب تک دونوں ٹیمیں اپنے دو دو میچز کھیل چکی ہیں، اور دونوں ٹیمیں ایک میچ میں کامیابی اور ایک میں شکست کا منہ دیکھ چکی ہیں۔

پاکستان کو ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سات وکٹوں سے باآسانی شکست دی تھی، اس میچ میں پاکستان ٹیم میں تجربہ اور پاور ہٹنگ دونوں ہی کی کمی محسوس کی گئی تھی۔

مزید خبریں :