کھیل
Time 06 جون ، 2019

ویسٹ انڈین فاسٹ بولر شیلڈن کوٹریل کِسے سیلوٹ مارتے ہیں؟

ویسٹ انڈین ٹیم میں شامل فاسٹ بولر شیلڈن کوٹریل بھی حریف بیٹسمینوں کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں جبکہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ان کے جشن منانے کا طریقہ بھی شائقین کرکٹ میں بے حد مقبول ہے— فوٹو: فائل

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنا افتتاحی میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا اور یہ میچ پاکستانی شائقین کیلئے مدتوں ڈاؤنا خواب بنا رہے گا۔

ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے شاندار پرفارمنس دکھاکر خود کو ٹائٹل کیلئے فیورٹ بنالیا ہے، کالی آندھی کے نام سے مشہور یہ ٹیم حریفوں کیلئے لوہے کا چنا ثابت ہورہی ہے۔

اس بار ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں سرپرائز پیکج فاسٹ بولرز ہیں جو حریف بیٹسمینوں کو بہت تنگ کررہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز نے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو 105 رنز پر ڈھیر کردیا تھا اور یہ میچ 7 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔

ویسٹ انڈین ٹیم میں شامل فاسٹ بولر شیلڈن کوٹریل بھی حریف بیٹسمینوں کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں جبکہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ان کے جشن منانے کا طریقہ بھی شائقین کرکٹ میں بے حد مقبول ہے۔

شیلڈن وکٹ حاصل کرنے کے بعد ملٹری اسٹائل میں مارچ کرتے ہیں اور پھر سیلوٹ کرکے خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ انہوں نے جشن منانے کا یہ انداز کیوں اپنایا؟

اس حوالے سے خود شیلڈن کوٹریل یہ کہتے ہیں کہ ان کا یہ اسٹائل دراصل جمیکن ڈیفنس فورس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہیں اور اس کے ذریعے وہ ظاہر کرتے ہیں کہ وہ فورسز کا کتنا احترام کرتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کوٹریل نے بتایا کہ 'مجھے پرفیکٹ طریقے سے یہ اسٹائل اپنانے میں 6 ماہ لگے، جب میں فوج میں ٹریننگ کررہا تھا تب میں نے یہ طریقہ سیکھا'۔

کوٹریل نے کہا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے فوجی ہیں اور ان کا جشن منانے کا یہ طریقہ فورسز کیلئے احترام کے جذبے کا عکاس ہے۔

مزید خبریں :