کھیل

ورلڈکپ ٹائٹل کے حصول میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے: محمد حفیظ


ٹاؤنٹن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر اور تجربہ کار کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ ٹائٹل کے حصول میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

ٹاؤنٹن میں جیو کو خصوصی انٹرویو میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ٹیم ورلڈ کپ کا اچھا آغاز نہیں کرسکی لیکن اس کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کم بیک کیا۔

انہوں نے کہا کہ جس انداز میں ٹیم نے عالمی نمبر ون انگلینڈ کے خلاف پرفارم کیا اور کامیابی حاصل کی، اس کے بعد سب ہی کے حوصلے بلند ہیں اور ڈریسنگ روم میں اعتماد واپس آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف بھی اچھا کھیل پیش کرے گی، آسٹریلیا ناقابل تسخیر ٹیم نہیں اور پاکستان ٹیم اس کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایک سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ وہ صرف اس وقت ہی مطمئن ہوتے ہیں جب ان کی کارکردگی ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرے اور وہ اس ورلڈ کپ میں ٹیم کو اپنی جانب سے 100 فیصد سے زیادہ دینے کی کوشش کریں گے۔

اپنی مونچھوں کے انداز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے میچ سے قبل ان کا ارادہ تھا کہ وہ کامیابی ملنے پر مونچھوں کو تاؤ دیکر جشن منائیں گے اور ایسا ہی ہوا، خوشی اس بات کی ہے کہ عوام کو یہ انداز پسند آیا۔

مزید خبریں :