11 جون ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ورلڈ کپ میں کسی ٹیم کی جانب سے 500 رنز بنانے کے امکانات کو مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں ایسا ممکن دکھائی نہیں دے رہا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے رواں ورلڈ کپ میں سب سے کم 105رنز بنائے اور سب سے زیادہ 386 رنز انگلینڈ نے بنائے ہیں۔
سرفراز احمد سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا کوئی ٹیم 500 رنز بناسکتی ہے تو انہوں نے کہا کہ 500 رنز بنانے کی باتیں قبل از وقت ہیں، یہ ورلڈ کپ ہے 500 رنز کبھی کبھی بنتے ہیں، میرا نہیں خیال اس ورلڈ کپ میں کوئی ٹیم پانچ سورنز بناسکے گی۔
گزشتہ دنوں اوول میں جب آسٹریلیا کے کھلاڑی اسٹیو اسمتھ آؤٹ ہوکر واپس جارہے تھے تو بھارتی تماشائیوں نے بال ٹمپرنگ میں سزا یافتہ سابق آسٹریلوی کپتان پر آوازیں کسیں جس پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے تماشائیوں کو ایسا کر نے سے منع کیا۔ جب سرفراز احمد سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستانی تماشائی ایسا نہیں کریں گے۔
سرفراز نے آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بارش جس طرح ٹورنامنٹ پر اثر انداز ہورہی ہے لگ رہا ہے کہ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ بھی بارش ہی کرے گی۔ امید کرتے ہیں کہ موسم بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں علم ہے کہ کیا ٹیم کھلانی ہے، ٹاس پچ پر اہم کردار ادا کرے گا، اگر مختصر میچ ہوتا ہے تو پھر پلاننگ مختلف ہوگی، پاکستان جیت کر آرہا ہے آسٹریلیا ہار کر آرہا ہے اس لیے ہمارے حوصلے بلند ہیں۔